ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / طاہر حسین کی صفائی، آئی بی افسرکے قتل میں شامل ہونے سے انکار،کپل مشراکی بتایا سازش

طاہر حسین کی صفائی، آئی بی افسرکے قتل میں شامل ہونے سے انکار،کپل مشراکی بتایا سازش

Fri, 28 Feb 2020 11:03:44    S.O. News Service

نئی دہلی،28/ فروری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) شمال مشرقی دہلی کے کھجوری علاقے میں فساد بھڑکانے میں نام آنے کے بعد سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے کونسلر طاہر حسین چوطرفہ گھرے ہوئے ہیں۔ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ گھر کے نیچے چل رہی فیکٹری کو بھی سیل کردیاگیا ہے۔جس کے بعد عام آدمی پارٹی انہیں ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا ہے۔

جب کہ معروف شاعر جاوید اختر نے طاہر حسین کا دفاع کرتے ہوئے کہاہے کہ اتنے گھر جل گئے،درجنوں اموات ہوئیں لیکن نام تو صرف طاہر کا۔

میڈیا کے مطابق طاہر حسین کے گھر کی چھت سے پتھر اور پیٹرول بم پھینکے جانے کے شک کی سوئی اور گہری ہوگئی ہے،اگرچہ طاہر حسین خود کو بے قصور بتا رہے ہیں۔

یہی نہیں انہوں نے اس کے پیچھے بی جے پی لیڈر کپل مشرا کی سازش بتائی ہے۔تو وہیں کپل مشرا نے کھلے عام طاہر حسین کو آئی بی اہلکار انکت شرما کا قاتل بتاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی لیڈر ان کو بچانے میں مصروف ہیں۔

وہیں بی جے پی ایم پی گوتم گمبھیر نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو طاہر حسین کو کوئی معاف نہیں کرے گا۔

طاہر حسین نے کہاکہ فسادات میں میں ملوث نہیں ہوں،میں بالکل بے قصور ہوں،گھر کی چھت پر جو پٹرول برآمد ہوا ہے اس بارے میں مجھے معلومات نہیں ہے،تلاشی کے وقت وہاں کچھ نہیں تھا،جب تشدد ہو رہا تھا تب میں نے 6 بار 100 نمبر پر فون کیا، بہت دیر تک فون نہیں اٹھا،میں نے سنجے سنگھ سے بھی مدد مانگی تھی،فساد بھڑکانے والے انکت شرما کے قتل کے ذمہ دار ہیں، مجھے پھنسایا جا رہا ہے،یہ کپل مشرا کی سازش ہے۔

طاہر حسین نے کہاکہ کپل مشرا اور وارث پٹھان جیسے لوگوں کے اوپر سخت سے سخت کارروائی ہو،ان لوگوں کے بیانات کی وجہ سے ہی دہلی میں آگ لگی ہے،دھرنا 2 مہینوں سے چل رہا تھا لیکن ان کی بیان بازی کے بعد سے ہی ماحول بگڑا ہے اور پتھر بازی ہوئی ہے۔

طاہر حسین نے کہاکہ میں پولیس کی موجودگی میں 24 فروری کو گھر سے نکلا،میں ہر طرح کی تحقیقات کے لئے تیار ہوں،میں بے گناہ ہوں، تشدد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے،میرے خاندان نے آگ بجھانے کا کام کیا ہے،میں نے پولیس کو اپنی بلڈنگ کے غلط استعمال کی بات بتائی تھی۔

طاہر حسین نے آگے بتایاکہ 25/فروری کو شام 4 بجے تک پولیس میرے گھر میں موجود تھی،میں نے پولیس سے علاقے میں رہنے کی گزارش کی تھی کیونکہ میری بلڈنگ کو ٹارگیٹ کیا جا رہا تھا اور اس کا غلط استعمال ہو سکتا تھا،دہلی پولیس بلڈنگ میں موجود تھی،صرف و ہی بتا سکتے ہیں کہ کیا ہوا تھا،میں پولیس کو تفتیش میں مکمل تعاون کروں گا۔

طاہر حسین نے یہ بھی کہا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ طاہر حسین نے کہاکہ انکت شرما کے قتل سے میں بھی بہت دکھی ہوں، انہیں انصاف ملے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان کے خاندان کا ساتھ دیں گے۔ اس سے پہلے کپل مشرا نے طاہر حسین پر الزام لگاتے ہوئے لکھا تھاکہ عام آدمی پارٹی طاہر حسین کو بچانے کی قسم کھا چکی ہے۔

کجریوال کے چمچے صحافی طاہر کو بچانے کے مشن میں لگے ہیں، ویڈیو میں صاف طاہر اسی چھت پر دکھائی دے رہا ہے،فسادیوں کے ساتھ طاہر گھرمیں ہے،انکت شرما سمیت کم از کم تین ہلاکتیں ہوئی ہیں اس گھر میں۔


Share: